Sunday 28 July 2019

Kala Motia-Glaucoma Jhang magazine interview 2019

کالا موتیا، بصارت کا خاموش قاتل

ڈاکٹر ضیاء المظہری، معروف آئی اسپیشلسٹ ہیں اور ’’کالا موتیا ‘‘پر ان کی تحقیق قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے 1990ء میں علّامہ اقبال میڈیکل کالج،لاہور سے ایم بی بی ایس، 1998ء میں ایف سی پی ایس اور 2002ء میں رائل کالج آف سرجنز، ایڈن برگ (برطانیہ) اور رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز، گلاسگو سے ایف آر سی ایس کیا۔ ڈاکٹر صاحب امریکن اکیڈمی آف آپتھالومولوجی کے ممبر ہیں اور اس وقت واپڈا ٹیچنگ اسپتال، لاہور میں کنسلٹنٹ آئی سرجن اور سربراہ شعبۂ آپتھالومولوجی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کو شعر و شاعری سے بھی شغف ہے اور ان کا ایک مجموعۂ کلام بھی’’چشم بینا‘‘کے نام سے شایع ہوچُکا ہے۔

چشمِ بینا ضیا ء المظہری

کالاموتیا، جو طبّی اصطلاح میں گلوکوما کہلاتا ہے،ایک ایسا عارضہ ہے،جس میں پردۂ بصارت سے دماغ کو معلومات منتقل کرنے والے اعصاب کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں نظر کم زور ہونے لگتی ہے، یہاں تک کہ بینائی بھی ضایع ہوسکتی ہے۔پاکستان میں نابینے پَن کی ایک بڑی وجہ یہی عارضہ قرار دیا گیا ہے۔ کالا موتیا کیوں ہوتا ہے، اس کی ابتدائی علامات کیا ہیں اور کس طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے؟ ان ہی سوالات کےجواب جاننے کے لیے ہم نے گزشتہ دِنوں معروف ماہرِ امراضِ چشم ،ڈاکٹر ضیاء المظہری سے بات چیت کی، جس کی تفصیل قارئین کی نذر ہے۔

مریض کا معائنہ کرتے ہوئے

س: ایک عام فرد کے سمجھنے کےلیے بتایئے کہ کالا موتیا درحقیقت ہے کیا اور مرض کے محرّکات پر بھی کچھ روشنی ڈالیے ؟

ج: کالا موتیا ،جسے حرفِ عام میں’’ کالا پانی‘‘ بھی کہتے ہیں، آنکھوں کے مُہلک امراض میں شمارہوتا ہے،کیوں کہ یہ دُنیا بَھرمیں بشمول پاکستان، ناقابلِ علاج اندھے پَن کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اس عارضے میں آنکھ اور دماغ کو ملانے والی آپٹک نَرو متاثر ہوجاتی ہے۔اصل میں آنکھ ایک کیمرے کی مانند ہے، جو صرف منظر قید کرسکتی ہے، دیکھ نہیں سکتی، جب کہ پردہ ٔبصارت جو کہ ایک ڈیجیٹل سینسر کی طرح ہے، اس پر کسی بھی منظر یا شے کا عکس بنتا ہے اور برقی اشارات میں تبدیل ہوکر آپٹک نَرو کے ذریعے دماغ کے سب سے پچھلے حصّے میں منتقل ہوجاتا ہے اور پھر وہاں تصویر اپنے پورے خدوخال سے ظاہر ہوتی ہے۔ کہنے کا مطلب یہ کہ کالے موتیے میں آنکھ اور دماغ کے رابطے کا ذریعہ’’آپٹک نَرو‘‘ہی متاثر ہوجاتی ہے۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ تو جب کسی وجہ سے آنکھ کا قدرتی اندرونی دبائو بڑھ جائے، تو یہ آپٹک نَرو متاثر ہوجاتی ہے، جس کے نتیجے میں کالا موتیا لاحق ہوجاتاہے۔

أپٹک نرو پر دباو

س:کالے موتیے کی اقسام اور علامات کیا ہیں؟

ج: کالے موتیے کی دو بنیادی اقسام ہیں، جن کی وضاحت سے قبل آنکھ کی ساخت سمجھنا بہت ضروری ہے۔ ہماری آنکھ کیمرے سے ملتی جُلتی ہے۔ سامنے کی جانب دو لینسز(عدسے)واقع ہیں اور پیچھے کی جانب جیسے کیمرے میں فلم یا سینسر ہوتا ہے، اسی طرح کا پردۂ بصارت یعنی ریٹینا پایا جاتا ہے، جب کہ سامنے والا سب سے بڑا عدسہ قرنیہ کہلاتا ہے۔ نیز، درمیان میں بھی ایک قدرتی عدسہ موجود ہوتا ہے۔ قرنیہ اور قدرتی عدسے کے درمیان جو چیمبر یا خانہ ہوتا ہے، اُسے انٹیرئیر چیمبر کہا جاتا ہے۔ اس خانے کے اندر پیدا ہونے والا پانی قدرت کی طرف سےنہ صرف آنکھ کو غذائی مواد کی فراہمی کا ذمّے دارہے،بلکہ اس کے اندرونی دبائو کوبھی برقرار رکھتا ہے، تاکہ آنکھ بہترین شفّاف تصویر والے کیمرے کا کام کرسکے۔ قدرتی طور پر پانی کے رِسنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے،اسے طبّی اصطلاح میں سامنے والے خانے کا پانی کہتے ہیں۔جب یہ پانی بنتا ہے، تو آنکھ ہی کے ذریعے نکلتا ہے۔ یہ ایک مربوط نظام ہے۔

کالا موتیا کیسے پیدا ہوتا ہے۔

یوں سمجھ لیجیے کہ جب سامنے والے خانے سے پانی گزرتا ہے، تو قرنیہ اور آئرس کے درمیان ایک زاویہ سا بن جاتا ہے اور اس زاویے سے گزر کر ہی قدرتی پانی آنکھ سےنکل پاتاہے۔ آنکھ کاپانی بننے اور اس کے اخراج کا توازن برقرار رہنے کی صُورت ہی میں آنکھ کا اندرونی دبائو بھی نارمل حالت میں رہتا ہے، لیکن جب یہ توازن بگڑ جائے یا اس کے اخراج میں کسی سبب رکاوٹ پیدا ہوجائے، تو کالے موتیے کی شکایت پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر یہ زاویہ اس قدر تنگ ہو جائے کہ پانی کا گزر اس سے ممکن نہ ہو، تو طبّی اصطلاح میں یہ قسم ’’تنگ زاویے والا کالا موتیا‘‘ کہلاتا ہے۔ اگر یہ زاویہ کُھلا ہو، لیکن اس کے اندرپائے جانے والے چھوٹے چھوٹے مسام یا سوراخ سُکڑ جائیں یا پانی زائد مقدار میں بن رہا ہو، تو آنکھ کا اندرونی دبائو بڑھ جاتا ہے۔یہ دوسری قسم’’کھلے زاویے والا کالا موتیا‘کہلائے گی۔ مرض کی علامات ان ہی اقسام پر منحصر ہیں کہ اگر عُمر کے ساتھ تنگ زاویے والا کالا موتیا ظاہر ہو اور آنکھ کا اندرونی دباؤ اچانک بڑھ جائے، تب شدید درد، سُرخی، آنکھ سے زائد پانی بہنے اور خارش جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں،لیکن ضروری نہیں کہ یہ علامات کالے موتیے ہی کی ہوں۔ اگر تو کُھلے زاویے والا کالا موتیا ہو اور آنکھ کا دبائو بتدریج بڑھ رہا ہو، تو اس صُورت میں درد ہوتا ہے، نہ کوئی دوسری علامت ظاہر ہوتی ہے۔ نیز، احاطۂ نظر کی علامات بھی اُس وقت ظاہر ہوتی ہیں، جب نوّے فی صد بینائی ضایع ہوچُکی ہو۔

س: کالا موتیا عُمرکے کسی خاص حصّے میں فرد کو متاثر کرتا ہے ؟

ج: یہ مرض عُمر کے کسی بھی حصّے میں لاحق ہوسکتا ہے۔ عمومی طور پر موروثی کالے موتیے کے اثرات پیدایش کے ساتھ ہی ظاہر ہونے لگتے ہیں، جب کہ عُمر کے ساتھ لاحق ہونے والا کالا موتیا زیادہ تر بڑھاپے میں ہوتا ہے۔لیکن عُمرکا ایسا کوئی مخصوص حصّہ نہیں، جس میں کالا موتیا نہ ہوتا ہو، یہ کسی بھی عُمر میں بینائی متاثر کرسکتاہے۔

س: مرض کی تشخیص اور علاج سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟

ج: یاد رکھیے، کالا موتیا تب خطرناک ثابت ہوتا ہے، جب اس کی تشخیص بروقت نہ ہو۔عام طور پر مریض کی اپنی سُستی یا معالج کی جلد بازی کے سبب مرض بروقت تشخیص نہیں ہوپاتا۔ دراصل معالج ایک مخصوص وقت میں کئی مریضوں کا معائنہ کررہا ہوتا ہے، اس صُورت میں زیادہ تر آپٹک نَرو کا درست معائنہ نہیں ہوپاتا۔ اور جب تک مرض تشخیص ہوتا ہے، وہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کرچُکا ہوتا ہے، بلکہ بعض کیسز میں تو نوبت اندھے پَن تک آجاتی ہے۔ عام طور پر مرض کی نوعیت کے مطابق ادویہ، لیزر شعاؤں اور جراحی کے ذریعے اس کا علاج کیا جاتا ہے۔موجودہ دَور میں کئی ادویہ قطروں کی صورت میں بھی دستیاب ہیں۔ماضی کی نسبت اب جدید آلات کی بدولت اس مرض کا علاج سہل ہے۔جیسے او سی ٹی کے ذریعے اندھا پَن پیدا ہونے سے دس یا بیس برس قبل تشخیص کیا جاسکتا ہے۔

OCT Machine

س:اگر بینائی ایک بار ختم ہوجائے، توکیا دوبارہ بحال ہوسکتی ہے؟

ج: ہرگزنہیں۔ بینائی اگر ایک بار چلی جائے، تو پھر کسی صُورت بحال نہیں کی جاسکتی۔ البتہ بروقت تشخیص و علاج کی بدولت بینائی مکمل طور پر ضایع ہونے سے بچائی جاسکتی ہے۔ اور اس کا انحصار بھی اس بات پر ہے کہ مرض کس مرحلے میں تشخیص ہوا ، آنکھ کو کتنے فی صد نقصان پہنچ چُکا ہے، نظر کا احاطہ کس قدر سُکڑ گیا ہے، نیز گہرے سیاہ دھبّے کتنے بڑے ہوچُکے ہیں؟ یاد رکھیے، جس قدراحاطۂ نظر ضایع ہوچُکا ہو یا کالے دھبّے پڑچُکے ہوں، تو پھر اُس کا دوبارہ اصلی حالت میں آنا ممکن نہیں، البتہ علاج کے ذریعے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بینائی کو مزید نقصان پہنچنے سے روکا جا سکتا ہے۔

کالے موتئیے کے نتیجے میں احاطہءِ نظر کا سکڑاو

س:کالاموتیا کیسے روکا جاسکتا ہے؟

ج: یہ صرف اور صرف بروقت تشخیص ہی سے ممکن ہے،جس کے لیے ضروری ہے کہ جب بھی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کروایا جائے، تو کالے موتیے کا ٹیسٹ بھی ضرور کروائیں۔ خاص طور پر جب عُمر چالیس سال سے زائد ہو جائے، تو خواہ کوئی تکلیف ہو یا نہ ہو، آنکھ اور اس کا اندرونی دباؤ لازماً چیک کروایا جائے۔ اصل میں آپٹک نَرو کی کیفیت کا جاننا، جسے ہم سی ڈی ریشو یا ڈسک ریشو کہتے ہیں، بےحد ضروری ہوتاہے اور جب بروقت تشخیص ہوجائے تو علاج کے ذریعے اسے مزید بڑھنے سے روکنا سہل ہوجاتا ہے۔

بر وقت آنکوں کا معائینہ کروائیں

س:اس مرض میں موروثیت کا کس حد تک عمل دخل ہے؟

ج: بعض کیسز میں یہ موروثی ہوتاہے، لیکن اگر آپ یہ سمجھیں کہ کسی کو کُھلے یا تنگ زاویے والا کالا موتیا ہے، تو اُس کا بچّہ بھی جنم لیتے ہی اس مرض کا شکار ہوجائے گا، تو ایسا نہیں ہے۔ عام طور پرجب کوئی مریض ماہرِ امراضِ چشم سے رجوع کرتا ہے، تو اس سےلازماً پوچھا جاتا ہے کہ خاندان میں کالے موتیے کی شکایت تو نہیں یا آنکھوں کی کوئی دوا یا قطرے لمبے عرصے تک استعمال کیے ہیں۔

س:بچّوں میں کالے موتیے کے عارضے سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟

ج: بچّوں میں کالا موتیا بڑوں سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ اگر پیدایشی طور پر کالا موتیا ہو، تو آنکھ سے زیادہ پانی بہنا،رنگت بدلنا اورتیزی سےآنکھ کاحجم بڑھنا اہم علامات ہیں،لہٰذا والدین بچّے کی آنکھ کا رنگ بدلتے دیکھیں، تو فوراً ماہرِ امراضِ چشم سے رجوع کریں۔

cloudy cornea in congenital glaucoma

س:کالےموتیے سے بچاؤ اور دورانِ علاج کھانے پینے میںکس قسم کی احتیاط مفید ثابت ہوسکتی ہے؟

ج: کالے موتیے سے بچائو یا دورانِ علاج کھانے پینے میں خاص پرہیز یا احتیاط کی ضرورت نہیں ۔تاہم، عمومی طور پر اپنی صحت کا خیال رکھا جائے اور تمباکو نوشی سے پرہیز بہرحال ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کالے موتیے کی وجہ سے براہِ راست ذیابطیس یا بلڈپریشر کا عارضہ لاحق نہیں ہوتا، لیکن ان عوارض کے ساتھ کالا موتیا بھی لاحق ہوتو بینائی کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔یہاں مَیں ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ اگرآپ کسی اور عارضے میں مبتلا ہیں اور معالج نےطویل عرصے کے لیے کوئی دوا تجویزکی ہے جیسے جوڑوں کے درد کے لیے اسٹرائیڈز وغیرہ ،تو بعض کیسز میں یہ کالے اور سفید موتیے کی وجہ بن جاتے ہیں، جب کہ بعض عمومی ادویہ بھی کالے موتیا کا سبب بن سکتی ہیں،لہٰذا اگرآپ کوئی دوا استعمال کررہے ہیں، توآنکھوں کے معالج کواس سے ضرور آگاہ کریں۔ علاوہ ازیں، اگر کسی اور عارضےمیں مبتلاہیں تو بھی اپنےمعالج سے لازماً پوچھا جائے کہ جو دوا تجویز کی ہے، اس کے جسم یا آنکھوں پرکیا مضر اثرات مرتّب ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر ضیاءالمظہری کی کالے موتیے کے بارے میں ایف ایم 100 پر بات چیت

FM-100 interview about glaucoma

کالے موتیے کے بارے میں جھنگ میگزین میں شائع ہونے والے انٹرویو کی کچھ تصاویر

کالے موتیے کے بارے میں جھنگ میگزین میں شائع ہونے والے انٹرویو کی کچھ تصاویر

س: کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟

ج: کالے موتیے کو عربی میں سارق النظر یعنی ’’نظر کا چور‘‘ کہتے ہیں، جب کہ اسے’’نظر کا خاموش قاتل ‘‘بھی کہا جاتا ہے،کیوں کہ زیادہ تر کیسز میں جب بینائی مکمل طور پر ختم ہوجاتی ہے، تب ہی مرض تشخیص ہوتا ہے،لہٰذا میری مریض اور ماہرِ امراضِ چشم دونوں ہی سے درخواست ہے کہ آنکھوںیا پپوٹوںکی خواہ کوئی بھی تکلیف ہو، کالے موتیے کے لحاظ سے تفصیلی معائنہ ضرور کروایا اور کیا جائے۔ علاوہ ازیں، کالا موتیا ابتدا میں ایسی کوئی علامات ظاہر نہیں کرتا، جس سے مریض یا اس کے اہلِ خانہ مرض کی شدّت کا اندازہ کرسکیں۔اس مرحلے پرایک مستند معالج ہی تفصیلی معائنے کے ذریعے بروقت مرض تشخیص کرسکتاہے اور تب ہی مؤثرعلاج اور پیچیدگیوں سےبچائو ممکن ہے۔

https://jang.com.pk/news/655742-eye-specialist

سارق النظر

اردو کالا موتیا انگلش گلاکوما کہے
رفتہ رفتہ آنکھ کی بینائی کو زائل کرے

ہے گلا کوما اصل میں لفظ یونانی زباں
سبز نیلی کالی پیلی بدلیوں کے درمیاں

آبِ سیاہ کالا پانی در زبان فارسی
اور عربی میں کہیں مویائے زرقا اسودی

لغت افرنگی میں یہ کہلائے قاتل نظر کا
اور عربوں کی زباں میں چور دیدو بصر کا

بصری میداں بحرِ ظلمت میں جزیرہ ءِ نظر
آئے کالا موتیا ہو جائے ظلمت کی نذر

چار سو سکڑاو ہے اور کالے دھبے جابجا

جب احاطہ ءِ نظر پہ چھایا کالا موتیا

جب دباؤ داخلی آنکھ کا حد سے بڑھا
رابطہ عصبِ بصر کا آنکھ سے کٹنے لگا

تشخیصِ بر وقتی سے ممکن ہے بچاءو نظر کا
وہ تو لوٹے گا نہیں نقصان جتنا ہو گیا

ہو معائنہ ءِ نظرماہرِینِ چشم سے
جانچِ بالتفصیل سے تشخیص ہو گی وقت پہ

میزانِ اندرونی دبا و اور احاطہ ء نظر
طبقہ نگاری ریشہ ء اعصاب پردہ ء بصر

اندھے پن کی اس وجہ کا ہو تدارک مظہریؔ
دامے درمے اور سخنے جہد ہو یہ دائمی

No comments:

Post a Comment