عید الفطر ۲۰۲۱ کے پر مسرت موقع پر تمام اہلِ اسلام کو عید مبارک
جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ چاند کی رویت پاکستان ہمیشہ سے مختلف پہلوؤں سے سنجیدہ اور غیر سنجیدہ بحث کا موضوع رہی ہے۔ اسی تناظر میں لکھی ہوئی نظم دیدارِ قمر آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔ یہ نظم نوائے وقت میگزین کے سنڈے ایڈیشن میں ۹ مئی ۲۰۲۱ کو شائع ہو چکی ہے ۔ ڈاکٹر ضیا ء المظہری کی اپنی آواز میں ویڈیو بھی آپ کی نذر ہے امید آپ کو پسند آئے گی۔
نظم دیدارِ قمر پیشِ خدمت ہے۔
دیدارِ قمر
بوڑھوں کی نظر سے نہ جوانوں کی نظر سے
آتا ہے نظر چاند پٹھانوں کی نظر سے
مفتیِ رویت کو بھی آئے گا نظر تب
دیکھے وہ اگر چاند پٹھانوں کی نظر سے
کہتے ہو کہ دیکھا ہے قمر، سوچ لو تھوڑا
دھوکا تو نہیں کھایا کہیں عکسِ قمر سے
مفتی ہو یا ہو موسمی احوال کا ماہر
ہوئی مات نظر سب کی پٹھانوں کی نظر سے
رمضان کا ہو چاند یا ہو عیدِ فطر کا
کیا حرج ہے رویت ہو پشاور کے شہر سے
انتیس کا رمضان تو خواہش ہے سبھی کی
ہے خاص لگاؤ ہمیں عیدِ فطر سے
مظہرؔ کی طرف سے ہو دِلی عید مبارک
آنکھوں کو کیا ٹھنڈا دیدارِ قمر سے
No comments:
Post a Comment